کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیشنل فورم فارانوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ(NFEH)کے زیر اہتمام 22ویں سالانہ ماحولیاتی کانفرنس اور ایکسیلینس انوائرمنٹ، ہیلتھ اینڈ سیفٹی ایوارڈز 2025 کا شاندار انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔ تقریب میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ماحولیاتی ماہرین، صنعتکاروں، ماحولیاتی تنظیموں اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔
کانفرنس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، پائیدار ترقی، صحت و سلامتی کے اقدامات کو فروغ دینا اور ان اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا جنہوں نے ان شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ این ایف ای ایچ کے صدر محمد نایاب نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور پانی کی کمی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
تقریب میں ماحولیاتی بہتری، صحت اور حفاظت کے حوالے سے بہترین کارکردگی دکھانے والے 60 سے زائد اداروں کو ایکسلیس ایوارڈز دیے گئے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں مختلف انڈسٹریز، تعلیمی ادارے، اسپتال، کارپوریشنز اور غیر سرکاری تنظیمیں شامل تھیں۔
مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گرین انیشیٹوز کو فروغ دے رہی ہے اور نجی شعبے کی شراکت اس میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے این ایف ای ایچ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے ایونٹس عوامی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کانفرنس میں مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشنز، پریزنٹیشنز اور ماحولیاتی حل سے متعلق تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ماحول دوست اقدامات کو اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔


