کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ شرجیل گوپلانی نے سندھ حکومت سے پگڑی سسٹم کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جن عمارتوں کو سیل کیا جا رہا ہے، ان میں اکثریت ایسے مکانات و دکانوں کی ہے جو پگڑی کے نظام کے تحت دی گئی ہیں۔
شرجیل گوپلانی کا کہنا تھا کہ پگڑی پر رہنے والے افراد قانونی طور پر کرایہ دار تصور کیے جاتے ہیں، مگر جب عمارت فروخت ہوتی ہے تو اس کی مارکیٹ ویلیو میں پگڑی دار کا حصہ پینتالیس فیصد جبکہ مالک مکان (لینڈ لارڈ) کا پچپن فیصد ہوتا ہے۔ ایسے میں اگر یہ عمارتیں بغیر کسی مناسب متبادل یا قانونی تحفظ کے منہدم کر دی گئیں تو ہزاروں غریب خاندان بے گھر ہو جائیں گے۔
انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ پگڑی پر رہائش پذیر افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری طور پر قانون سازی کی جائے اور سندھ اسمبلی سے پگڑی نظام کو قانونی حیثیت دی جائے تاکہ کرایہ داروں کو ان کا قانونی و معاشرتی تحفظ حاصل ہو سکے۔


