شعبہ جرمیات اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اشتراک سے سیمیناروتربیتی سیشن کا انعقاد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات کے زیر اہتمام اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو)کے اشتراک سے صدرشعبہ جرمیات جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹرناعمہ سعید کی زیرنگرانی جمعرات کے روز چائنیزٹیچرزمیموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں ایک منفرد اور مؤثر تربیتی سیشن اورسیمینار بعنوان: ”عملی ہتھیاروں کی آگاہی اور حکمتِ عملی دفاع” کا انعقادکیاگیا، جس کا مقصد جامعہ کراچی کے طلباوطالبات کو ہتھیاروں سے متعلق آگاہی، ان کے محفوظ استعمال، اور دفاعی حکمت عملیوں سے روشناس کرانا ہے۔سیمیناروتربیتی سیشن میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور تربیتی سیشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد تواترکے ساتھ ناگزیرہے۔

سیمیناروتربیتی سیشن میں مختلف اقسام کے ہتھیاروں، ان کے استعمال اور خطرات سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ محفوظ ہینڈلنگ، اسلحے کو محفوظ طریقے سے استعمال اور محفوظ رکھنے کے اصول۔لائیو ڈیمانسٹریشن اور مشقیں،پیشہ ور انسٹرکٹرز کی زیر نگرانی عملی مظاہرے اور فزیکل ٹریننگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس ڈاکٹر مقصوداحمد نے کہا کہ شعبہ جرمیات جامعہ کراچی کا ایک اہم شعبہ ہے۔مذکورہ سیمیناروتربیتی سیشن کاانعقادجامعہ کراچی کے شعبہ جرمیات اور اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو)کے اشتراک سے کیا گیا جس کا مقصد طلبہ کوعملی طور پر آگاہی فراہم کرنا ہے۔طلبہ اگر دفاعی حکمتِ عملی اور عملی ہتھیاروں سے آگاہ ہوں تو وہ نہ صرف اپنی حفاظت کر سکتے ہیں بلکہ ہنگامی حالات میں دوسروں کی بھی مدد کر سکتے ہیں اور اس سے خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوتاہے۔

صدرشعبہ جرمیات جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر ناعمہ سعید نے سیمیناروتربیتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت ہر اس شخص کے لیے مفید ہے جو اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو اہمیت دیتا ہے، چاہے وہ طلبہ ہو،سیکیورٹی اہلکار ہو، نجی اداروں کا عملہ، یا عام شہری ہو سب کے لئے یکساں مفید ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں