حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد چیمبرآف اسمال ٹریڈرزاینڈ اسمال انڈسٹری کی اپیل پر ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی 19 جولائی بروز ہفتہ ایف بی آر کے بے جا اختیارات اور تاجر برادری کو ہراساں کرنے والی پالیسیوں کے خلاف ہونے والا احتجاج مکمل طور پر کامیاب رہا اور شہر کے تمام بڑے کاروباری مراکز بشمول انجمن تاجران حیدرآباد، کلاتھ مارکیٹ، بینگلز انڈسٹریز، صدر بازار، ریشم بازار، اناج منڈی، مارکیٹ ٹاور،تمام موبائل مارکیٹ ایسوسی ایشن،چھوٹکی گٹی،تلک چاڑی،فوجداری روڈ، اسٹیشن روڈ، لجپت روڈ، پھلیلی بازار، صرافہ بازار، صدر بازار، نصرت بازار، فقیر کا پڑ، ایڈوانی گلی، قاضی قیوم روڈ، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈو جام دیگر مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہیں۔
صدر چیمبر محمد سلیم میمن نے اِس پُر اَمن اور مثالی احتجاج کو کامیاب بنانے پر حیدرآباد کی تمام تاجر برادری، یونینز، ایسوسی ایشنز اور چیمبرزکاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔اُنہوں نے خاص طور پر جامشورو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، شہید بینظیر آباد چیمبر آف کامرس، دادو چیمبر آف کامرس، لاڑکانہ چیمبر آف کامرس، کوٹری ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری، نوری آباد ایگزیکٹیو کلب اور حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اِس احتجاجی تحریک میں بھرپور تعاون اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
صدرچیمبرنے شہر کی اُن تمام یونینز اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مکمل طور پر احتجاج میں شرکت کی۔ صدر چیمبر نے کہا کہ تاجر برادری کا یہ اتحاد اور یکجہتی اِس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اپنے حقوق کے لیے پُر اَمن طریقے سے آواز بلند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ایف بی آر کو دئیے گئے بے جا اختیارات پر نظرِ ثانی نہیں کی اور تاجروں کے جائز مطالبات کو تسلیم نہ کیا تو حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری تمام جوائنٹ چیمبرز اور حیدرآباد کی یونینز اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ مشاورت کے بعد آگے کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کرے گا۔


