لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ”شہادت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: میدانِ کربلا میں سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے دینِ اسلام کی حفاظت کا حق ادا کر دیا۔ سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور دیگر شہدائے کربلا نے اسلام کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قیامت تک کیلئے حق کا پرچم بلند کیا ہے۔ امام عالی مقام سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اُمت مسلمہ کو قیامت تک باطل قوتوں سے نمٹنے کا طریق کار عطا کیا ہے۔ میدانِ کربلا میں حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ صبر و استقلال کا پہاڑ ثابت ہوئے۔ نواسہ رسول ﷺ اور جگر گوشہ بتول رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہونے کے لحاظ سے آپ رضی اللہ عنہ اُمت مسلمہ کی عقیدتوں اور محبتوں کا محور ہیں۔ سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اقتدار کے لیے نہیں، دینی اقدار کے تحفظ کے لیے میدان میں نکلے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے اپنے خون سے زمینِ کربلا پر قرآن مجید کی وہ تفسیر رقم کی جس سے سوئی ملت بیدار ہو گئی۔ امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ بدی کی قوتوں کے مقابلے میں قیامت تک کے لیے خیر کی قوت کا استعارہ ہیں۔ فکرِ حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کل بھی فاتح تھی اور آج بھی فاتح ہے۔ کانفرنس میں علامہ محمد ادریس جلالی، علامہ محمد ذوالفقار علی جلالی، میاں محمد الیاس جلالی، حاجی محمد بوٹا صدیقی، حاجی محمد کتاب جان، محمد افضل بھٹی، مولانا محمد فرید احمد ساسولی و دیگر نے شرکت کی۔


