اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ملک میں آئینی عدالت کے قیام کا مطالبہ سامنے آ گیا ہے اور یہ مطالبہ صدر سپریم کورٹ بار رؤف عطا کی جانب سے کیا گیا ہے۔صدر سپریم کورٹ بار رؤف عطا کی جانب سے جاری بیان میں ملک میں آئینی عدالت کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئینی عدالت کا قیام وقت کا تقاضہ ہے۔
صدر سپریم کورٹ بار نے کہا ہے کہ مختلف حلقوں سے سن رہے ہیں کہ 27 ویں آئینی ترمیم ہو رہی ہے۔ اگر ایسا ہے کہ ترمیم کا مسودہ تیار کرنے سے قبل وکلا تنظیموں کو اعتماد میں لیا جائے اور ایسی ترمیم نہ کی جائے جو عدلیہ کی آزادی سے متصادم ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مالی مقدمات، ٹیکس کیسز کے لیے ہائیکورٹس کو کورٹ آف اپیل قرار دیا جائے۔ اس فیصلے سے سپریم کورٹ میں مقدمات کا بوجھ کم ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا مطالبہ اس سے قبل بھی کئی بار سامنے آ چکا ہے۔ گزشتہ سال 26 ویں آئینی ترمیم کے وقت ایک بار پھر اس کی گونج سنائی دی۔ حکومت اور اس کی اتحادی جماعتیں وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے حق میں جب کہ اپوزیشن اور بعض قانون دان اس کے خلاف تھے۔


