کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے ایران پر امریکی حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے ہی ایران پر اسرائیلی حملے کے وقت کہہ چکا ہوں کہ اسرائیلی حملہ ٹرمپ نے کروایا ہے۔ اب امریکہ کا ایران پر براہ راست حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ سب کچھ طے شدہ منصوبے کے تحت کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ مسلمانوں کا دشمن اور جھوٹا و مکار شخص ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ تمام دولت مند اسلامی ممالک ٹرمپ پر ڈالروں اور نوٹوں کی برسات کرتے ہیں۔اسلامی ممالک کے سربراہان اپنے طرز عمل کو تبدیل کریں کیونکہ موجودہ منافقانہ پالیسیوں سے سب کا باری باری نمبر آئے گا اور منہ زور ٹرمپ و اسرائیل تمام اسلامی ممالک کو تباہ و برباد کرنے کے مشن پر ہیں۔
انہوں نے تمام مسلم سربراہان مملکت سے اپیل کی کہ مسلمانوں کی بقاء و سلامتی کیلے سب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور یہ بات اعلانیہ طے کی جائے کہ اگر کوئی بھی ملک کسی بھی مسلمان ملک پر حملہ آور ہوتا ہے تو ہم سب اس کا مکمل بائیکاٹ بھی کریں گے اور حملہ آور ملک سے ملکر نبردآزما ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور ٹرمپ و اسرائیل جب چاہتے ہیں‘ جس مسلمان ملک پر حملہ آور ہوکر وہاں سب کچھ تباہ و برباد کردیتے ہیں اور لاکھوں مسلمانوں کا مسلسل قتل عام ہورہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کوئی خدا نہیں کہ جو کچھ کہے گا‘ مسلمان ممالک کے سربراہ اس کو من و عن قبول کرنے کے پابند ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ بہت مکار‘ جھوٹا اور سفاک شخصیت کا مالک ہے جسے ہمارا اللہ تباہ و برباد کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نوبل انعام کے تو کیا انسان کہلانے کے لائق نہیں ہے۔باشعور امریکی شہری خود ٹرمپ کی سفاکیت پر احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اسلامی ممالک کے حق میں سچے موقف پر قائم رہے اور امریکی وفاداری میں ایسے مقام تک نہ پہنچے جہاں سے واپسی ناممکن ہوجائے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ظہرانے میں برملا ایران پر حالیہ حملوں پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دنیا بھرمیں پاکستان کے عزت و وقار کی علامت ہیں جنہوں نے ازلی دشمن بھارت کو بدترین شکست سے دوچار کیا۔انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے انتھک محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان نے جس طرح ازلی دشمن بھارت کو بدترین شکست دی ہے اسی طرح اندرونی دشمنوں کو بھی صفحہ ہستی سے مٹادے گا۔


