مون سون بارشیں،چیئرمین منگھوپیرکا ٹاؤن آفس میں خصوصی اجلاس منعقد

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی زیر صدارت آج ٹاؤن آفس میں ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف یونین کونسلز کے چیئرمین، منتخب کونسل ممبران اور حال ہی میں تشکیل دی گئی ٹاؤن کمیٹیوں کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز سے بھرپور تیاری کے ساتھ نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی ترتیب دینا تھا، خصوصاً متوقع مون سون بارشوں اور محرم الحرام کے دوران کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

حاجی نواز علی بروہی نے اجلاس کے آغاز میں تمام معزز شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی کسی ایک فرد یا ادارے کا کارنامہ نہیں، بلکہ ہم سب کی اجتماعی محنت، خلوص نیت اور عوامی جذبے کا ثمر ہے۔ اگر دل میں عوام کی خدمت کا سچا جذبہ ہو تو کوئی رکاوٹ بڑی نہیں لگتی، اور ہر مشکل راستہ آسان ہو جاتا ہے۔

اجلاس میں اُن افسران،نمائندوں اورکمیٹی ممبران کی خصوصی حوصلہ افزائی کی گئی جنہوں نےحالیہ دنوں میں صفائی، نکاسی آب، روشنی، اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس بات پر زور دیا کہ خدمت کے سفر میں ہر چھوٹے بڑے کردار کی اہمیت ہوتی ہے، اور جب ٹیم کا ہر فرد دیانت داری سے کام کرتا ہے تو نتیجہ مثالی نکلتا ہے۔

مون سون بارشوں کےپیش نظرنالوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کے لیے فیلڈ ٹیموں کی تیاری پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔ اس موقع پر حاجی نواز علی بروہی نے واضح ہدایات دیں کہ کوئی علاقہ نظرانداز نہ ہو، ہر گلی، ہرمحلہ صفائی میں نمایاں ہو،اوربارشوں کےدوران عوام کوکسی قسم کی پریشانی نہ اٹھانی پڑے۔انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ، اس بار منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کو بارشوں میں وہ مشکلات نہیں ہوں گی جن کا وہ پہلے سامنا کرتے رہے ہیں۔ ہم پہلے سے زیادہ بہتر، متحرک اور مربوط انداز میں تیار ہیں۔

اسی طرح محرم الحرام کے تقدس، احترام اور عوامی سہولت کے پیش نظر بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ چیئرمین حا جی نواز علی بروہی نے کہا کہ محرم کا مہینہ ہمیں عقیدت، امن، صبر اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جلوس کے تمام راستوں کی مکمل صفائی، روشنی، پانی اور سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں۔ جو عزادار بھائی جلوسوں میں شریک ہوں گے، انہیں کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونے دی جائے گی۔ ان کی خدمت ہمارا فرض ہے۔

اجلاس کے اختتام پر چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے تمام افسران اور عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ صرف دفتری حاضری پر اکتفا نہ کریں بلکہ عوام کے درمیان جا کر خود ان کے مسائل کو دیکھیں، سنیں اور موقع پر ہی حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دفتر میں بیٹھ کر احکامات دینا آسان ہے، لیکن اصل خدمت تب ہوتی ہے جب ایک نمائندہ عوام کے درمیان ہوتا ہے، ان کے حالات کو خود محسوس کرتا ہے اور دل سے ان کی بہتری کے لیے کام کرتا ہے۔

آخر میں چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے یقین دلایا کہ چاہے بارش ہو یا محرم الحرام، منگھوپیر ٹاؤن کا ہر شہری حکومت کو اپنے ساتھ کھڑا پائے گا، کیونکہ خدمت صرف ایک نعرہ نہیں، بلکہ یہ ہمارا وعدہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں