خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس منعقد

پنجاب(ایچ آراین ڈبلیو)آج خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین محمد انصر اقبال (ایم پی اے) کی صدارت میں ہوا۔اراکین میاں محمد منیر، ذوالفقار علی اور فرزانہ خلیل بھی شریک ہوئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری کمیٹیز-II عامر لیاقت چھٹہ بھی موجود تھے۔

سیکرٹری اور محکمہ کے افسران نے کمیٹی کو محکمے کی کارکردگی اور خواندگی کے فروغ کی کوششوں پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ 989 میں سے 757 آسامیوں پر بھرتی مکمل ہو چکی ہے تاکہ ناخواندہ بالغوں اور اسکول سے باہر بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ بتایا گیا کہ پنجاب میں 96 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں، جن میں 33 فیصد نے تعلیم ادھوری چھوڑی اور 67 فیصد نے کبھی اسکول نہیں دیکھا۔

محکمے نے بتایا کہ اساتذہ اور طلبہ کے لیے کٹس فراہم کی جا رہی ہیں اور اساتذہ کا ماہانہ اعزازیہ 12,500 سے بڑھا کر 20,000 روپے کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی نے محکمے کی کاوشوں کو سراہا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں مزید فنڈز، طلبہ کو سرٹیفکیٹس دینے اور امتحانی نظام کی پنجاب ایگزامینیشن کمیشن سے منظوری جیسے نکات پر غور کیا گیا۔ چیئرمین نے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں