لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان وومین بیس بالرصائقہ ریاض اورمدیحہ رشید خصوصی ٹریننگ کےحصول کے لیئے جاپان پہنچ گئیں اور جدید خطوط پراستوارٹریننگ کا آغازکردیا۔ انکی جاپان کےشہر کازو سٹی میں جاپانی ویمنز بیس بال فیڈریشن نے خصوصی استقبالیہ پروگرام منعقد کرکے پرتپاک استقبال کیا۔ اس یادگار موقع پر صدر، جاپان ویمنز بیس بال فیڈریشن ہیروکو یامادا کی خصوصی موجودگی اور سپورٹ نے اس موقع کومذید شانداربنا دیا۔ تقریب میں مذکورہ کھلاڑیوں کی بھرپورحوصلہ افزائی اور سیکریٹری پاکستان فیڈریشن بیس بال و نائب صدر BFA سید فخرعلی شاہ کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا کہ جنکی کوششوں سے یہ ممکن ہوا۔ مذکورہ کھلاڑیوں کی جاپان روانگی سے قبل میڈیا سےگفتگو میں سیکریٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال سید فخر علی شاہ کی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکا بمعہ فیڈریشن وکوچزکاشکریہ ادا کیا اورامید ظاہرکی کہ جاپان میں ٹریننگ کےبعد اپنی کارکردگی کے ذریعے سبز ہلالی پرچم کو مذید سربلند کرنےمیں اپنا کردارادا کریں گے۔سید فخرعلی شاہ میڈیا ڈائریکٹروکووآرڈینیٹر پرویز احمد شیخ اور طاہر لطیف کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ یہ میرے والد،بانی بیس بال پاکستان سید خاورشاہ مرحوم کاخواب تھا کہ پاکستان دنیا بھر میں بیس بال کے نام سے پہچانا جائے اور آج ہم اس خواب کو مینز کے بعد وومینز میں بھی حقیقت میں بدل رہے ہیں۔ ان سے قبل دو مینز کھلاڑی ٹریننگ کے لیئے جاپان میں موجود ہیں جبکہ متعدد کھلاڑی اسکالرشپ کی بنیاد پر بیس بال ٹریننگ کے ساتھ ساتھ امریکہ میں اپنی تعلیم مکمل کررہے ہیں-


