ایران کی صف اول کی عسکری و ریسرچ قیادت کی شہادت پر دکھ ہے، رحمت خان وردگ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک استقلال کےمرکزی صدررحمت خان وردگ نےایران پر اسرائیلی حملے پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملے میں جو ایرانی جرنیل اور سائنسدان شہید ہوئے ہیں اس پر اسرائیل کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ اسرائیل نےنہیں کیا بلکہ یہ حملہ ٹرمپ نےکرایا ہے تاکہ ایٹمی پروگرام کے متعلق امریکہ ایران مذاکرات میں ایران من و عن بات ماننے پر مجبور ہوجائے۔یہ نازک وقت ہے اورتمام مسلمان ممالک ایک ہوجائیں۔ اگر ایک نہیں ہوں گے تو اسی طرح ایک ایک کرکے ٹرمپ تباہ و برباد کردے گا۔
انہوں نےکہا کہ امریکی صدرٹرمپ کےحالیہ دورہ سعودیہ ومتحدہ عرب امارات میں جس طرح اس کےساتھ بھاری سرمایہ کاری کے معاہدے کئےگئےاورٹرمپ پر ڈالروں کی برسات کردی گئی۔ اس کے باوجود ٹرمپ اسرائیل کے ذریعے مسلم ممالک کے ساتھ جو کچھ کر کر رہا ہے‘ ایسے حالات میں تو مسلم ممالک کو ٹرمپ کو ایک ڈالر بھی نہیں دینا چاہئے۔ امریکی صدر جھوٹا آدمی ہے۔ ٹرمپ کے کہنے پر ہی ایران پر اسرائیلی حملہ ہوا۔ امریکہ ایران کو اپنی بات من و عن منوانے کے لئے اب بھی دھمکیاں دے رہا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کا موجودہ طرز عمل قابل نفرت ہے۔
انہوں نے تمام مسلم ممالک سے اپیل کی کہ کفار جس طرح ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر مسلمانوں کو تہس نہس کرتے آرہے ہیں‘ خدارا آپ بھی ہوش کے ناخن لیں اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر بروقت مسلم ممالک کا مشترکہ دفاع کیا جانا چاہئے۔ اگر اس وقت کو ضائع کردیا گیا تو ایک ایک کرکے تمام مسلم ممالک کو صفحہ ہستی سے مٹایا جاتا رہے گا۔ ہمارے سامنے ہے کہ امریکہ نے پہلے عراق‘ لیبیا‘ شام‘ فلسطین‘ یمن کو مارااور اب ایران پر حملے شروع کردیئے گئے ہیں۔ مسلم ممالک میز پر سجے ہوئے کھانے کی مانند ہوچکے ہیں اور امریکہ و اسرائیل اپنی مرضی کے ساتھ جہاں چاہیں‘ اپنی فرعونیت کااظہار کرنے میں آزاد ہوچلا ہے۔مسلم ممالک کے سربراہان ایک ہوکر ان کو روکیں ورنہ مسلم ممالک کا باری باری نمبر آنا ہے اور امریکی و اسرائیلی قیادت اپنی شاطرانہ چالوں سے دنیا کا امن تباہ کرتی چلی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں