اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی برادری سے غزہ جیسے جنگ زدہ علاقوں میں بچوں کی حالتِ زار پر فوری توجہ دینے پر زور دیا ہے۔ بچوں سے مشقت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ بچوں سے مشقت کا خاتمہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں چائلڈ لیبر کی روک تھام اور متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال اور بحالی کے لیے مؤثر نظام اور سروسز یونٹ قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ دن ہمیں بچوں کو استحصال سے بچانے اور ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کی یاددہانی کراتا ہے جہاں جبری مشقت سے آزاد معصوم بچے خوشحال زندگی بسر کر سکیں۔


