کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) بلدیاتی صحافیوں کی جانب سے ادارہ ترقیات کراچی کے حالیہ ریٹائرڈ ہونے والے ترجمان کے ڈی اے اکرم ستار کے اعزاز میں گزشتہ روز الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سینئر صحافی شہزاد چغتائی، تنویر سید، چنگیز خان، احمد علی، راؤ غفار اور عمران علی شاہ اور میڈیا ڈپارٹمنٹ کے ملازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر صحافی شہزاد چغتائی نے اکرم ستار کی ادارہ کے لئے غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اکرم ستار نے حاضر سروس کے دوران پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ہمیشہ تعاون کیا، ان کی خدمات ادارہ کے لئے قابل ستائش ہیں۔ صحافی تنویر سید کا کہنا تھا کہ اکرم ستار نے 2016ء میں کے ڈی اے کی بحالی کے بعد ادارہ کا مثبت تاثر شہریوں کے درمیان کامیابی سے قائم کیا، ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے سب معترف ہیں۔ عمران علی شاہ نے کہا کہ اکرم ستار کی انتھک محنت و کاوشوں کے باعث ادارہ ترقیات کراچی بلدیاتی اداروں کی صف میں نمایاں ہوا، انہوں نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا میں ادارہ کی مجروح ساکھ کی بحالی کے لئے بھرپور انداز میں تشہیر کی، جس کے باعث ادارہ کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہوا۔اکرم ستار نے صحافی حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ کے لئے خدمات کے دوران بیشتر اوقات مشکلات پیش آئیں لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری۔ ایمانداری اور خلوص دل کے ساتھ ادارہ کی بہتری کے لئے جو ممکن ہوسکا وہ کردار ادا کیا۔ آخر میں اکرم ستار کے اعزاز میں صحافیوں کی جانب سے کیک اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔


