کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کے لیے کتابیں ایک بہترین تحفہ اور دیگر اقوام کی ثقافت،تاریخ،تہذیب،ترقی اور علم وادب کے بارے میں جاننے کا بہترین ذریعہ ہوتی ہیں۔بحیثیت قوم ہمیں جاپانی عوام سے سیکھنا ہوگا کہ انہوں نے ایک قوم اور ایک معاشی طاقت کے طور پر بین الاقوامی سطح پر کس طرح ترقی کی ہے۔ایٹم بم کا سامنا کرنےوالاواحد ملک جاپان ہےلیکن اس تباہی نے جاپان کے لوگوں کو بحیثیت قوم مضبوط ہونے سے نہیں روکا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نےشعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی اورجاپانی قونصلیٹ کراچی کے تعاون سے آڈیوویژول سینٹر جامعہ کراچی میں کتابوں کی حوالگی کی تقریب سےخطاب کرتےہوئےکیا۔اس موقع پرکراچی میں تعینات جاپان کےقونصل جنرل ہاتوری ماسارو،وائس قونصل جاپان کینگو ہور یے،پولیٹیکل اینڈمیڈیاایڈوائزرداشاب انس،رکن سنڈیکیٹ جامعہ کراچی صاحبزادہ معظم قریشی،رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹرثمینہ سعید،صدرشعبہ بین الاقوامی تعلقات پروفیسرڈاکٹر نعیم احمد ودیگر بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کو تعلیم پر پیسہ خرچ کرناہوگا کیونکہ یہ اخراجات نہیں بلکہ مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔ تعلیم جاپانیوں کی اولین ترجیح ہے اور ان کی ترقی کا ایک بڑاذریعہ معیاری تعلیم ہے۔بدقسمتی سے پاکستان میں کتابیں پڑھنے میں بتدریج کمی آرہی ہے،کیونکہ ہم اپنا وقت موبائل اور سوشل میڈیا میں گزارتے ہیں۔
کراچی میں تعینات جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری ماسارونے کہا کہ ہم جاپان اور پاکستان کے مابین فکری تبادلے کے مواقع مزید بڑھنے کی امید کرتے ہیں۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دلی خواہش ہے کہ آپ سب کے درمیان مستقبل کے ایسے رہنما ابھریں جو جاپان اور پاکستان کے درمیان پل کا کام کریں۔
ہاتوری ماسارونے مزید کہا کہ READ JAPAN PROJECT جس کی سربراہی ٹوکیو فاؤنڈیشن کر رہی ہے، جاپان سے متعلق کتابوں کی ایک وسیع رینج پیش کرتا ہے، جس میں تاریخ، ثقافت، سیاست اور سماج جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ مجھے خوشی ہوگی کہ اس کا نہ صرف سماجی علوم کے طلبہ بلکہ پوری جامعہ کے طلباوطالبات اس کا مطالعہ کریں۔انہو ں نے جاپان کی جانب سے فراہم کی جانے والی سرکاری اسکالرشپ کے بارے میں بھی شرکاء کو آگاہ کیا اورکہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مختلف اقسام کی 32 جاپانی کتابیں جامعہ کراچی کو عطیہ کی جا رہی ہیں۔
رئیس کلیہ فنو ن وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر ثمینہ سعید نے کہا کہ جاپان نے ہمیشہ تعلیم، ثقافت اور بین الاقوامی تعاون پر زور دیا ہے، اور یہ اقدام ان کی پائیدار اقدار کا عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک پل ہے،جو قوموں کو جوڑتا ہے، امن کو فروغ دیتا ہے، اور باہمی احترام کو فروغ دیتا ہے۔
ڈاکٹر ثمینہ سعید نے مزید کہا کہ یہ صرف کتابوں کا عطیہ نہیں ہے بلکہ یہ جاپان اور پاکستان کے درمیان علم، سفارت کاری اور باہمی افہام و تفہیم میں ایک طاقتور سرمایہ کاری ہے۔ اگرچہ ان کتابوں کی کوئی تجارتی قیمت نہیں ہے، لیکن ان کی علمی اور فکری قدر بڑی ہے۔
صدرشعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر نعیم احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں ہونے والی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ یہ کتابیں ٹوکیو فاؤنڈیشن فار پالیسی ریسرچ نے READ JAPAN PROJECT کے تحت نیپون فاؤنڈیشن کے مالی تعاون سے عطیہ کی ہیں جس پر شعبہ بین الاقوامی تعلقات اور فیکلٹی جاپانی قونصلیٹ کراچی کے بے حد مشکور ہیں۔


