کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جمعیت علماء اسلام سندھ کی صوبائی مجلسِ عاملہ و شوریٰ نے آج ایک اہم اجلاس میں سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ڈاکو راج، اغواء برائے تاوان اور اسٹریٹ کرائمز کے خلاف مرحلہ وار احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان جےیوآئی کے مطابق اس ہفتے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں ضلعی ہیڈکوارٹرز پر پریس کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر ضلع میں آل پارٹیز کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی۔
تحریک کا دوسرا مرحلہ 15 جون کو ہوگا، جب حیدرآباد میں ’’دفاعِ وطن و فلسطین زندہ باد سندھ ملین مارچ‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا، جس سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔
تیسرے مرحلے میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز کے ہر تحصیل ہیڈکوارٹر میں ’’سندھ امن کانفرنسز‘‘ منعقد کی جائیں گی۔
چوتھے مرحلے میں 30 جون کو سکھر میں ’’قبائلی سرداران کا امن گرَجہ‘‘ بلایا جائے گا۔
احتجاجی تحریک کا آخری مرحلہ 17 جولائی کو ہوگا، جب ’’سندھ امن مارچ‘‘ کا انعقاد کر کے وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف پُرامن ریلی نکالی جائے گی۔


