کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی کابینہ کا اجلاس مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ حسن ظفر نقوی کے گھر منعقد ہوا جس میں علامہ صادق جعفری علامہ مبشر حسن ،علامہ حیات عباس نجفی،آصف رضوی،کاظم عباس ،برادر عباس علی نئیر زین رضا سمیت دیگر اراکین موجود تھے ،سربراہئ خطاب سے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ حسن ظفر نقوی کھا کہ جو بجٹ پیش کیا گیا ہے، وہ درحقیقت عوام دشمن بجٹ ہے۔ اس میں تعلیم، صحت اور عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں معمولی اضافہ کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے، جبکہ مہنگائی کی شرح 25 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے اور عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔
اس بجٹ میں صنعتکاروں، سرمایہ داروں اور بااثر طبقے کو ٹیکس ریلیف دے کر نوازا گیا ہے، جبکہ عام آدمی پر براہِ راست اور بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا دیا گیا ہے۔ ریٹیلرز پر غیر منصفانہ سختی، بجلی اور پیٹرول پر نئے سرچارجز، اور کاربن لیوی جیسے اقدامات عوام کی جیب پر کھلا ڈاکا ہیں۔
عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط پوری کرنے کے شوق میں حکومت نے ملکی خودمختاری اور عوامی ریلیف کو یکسر نظرانداز کر دیا ہے۔ اس بجٹ میں بے روزگاری کے خاتمے، برآمدات کے فروغ اور مقامی صنعت کو سہارا دینے کے لیے کوئی ٹھوس پالیسی یا لائحہ عمل نہیں دیا گیا۔
مجلس وحدت مسلمین اس عوام دشمن بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ بصورتِ دیگر یہ بجٹ عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کرے گا اور معیشت کو دیوالیہ پن کے دہانے تک لے جائے گا۔


