لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے 2025 کے ہال آف فیم میں7 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں پاکستانی ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر بھی شامل ہیں۔
ہال آف فیم میں شامل ہونے والے نئےکھلاڑیوں کا اعلان ویسٹ انڈین لیجنڈ ای این بشپ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سے قبل لندن میں ہونے والی تقریب میں کیا۔
اس موقع پر پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو بھی دیگر 6 کرکٹرزکے ساتھ ہال آف فیم میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا۔
دیگر کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن، جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ اور گریم اسمتھ، بھارت کے ایم ایس دھونی، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری اور انگینڈ کی ویمن کرکٹر سارہ ٹیلر شامل ہیں۔
ثنا میر اس فہرست میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون اور ملک کی مجموعی طور پر آٹھویں کرکٹر ہیں۔
ان سے قبل پاکستان کے عمران خان، وسیم اکرم، جاوید میانداد، عبدالقادر، ظہیر عباس، وقار یونس اور حنیف محمد ہال آف فیم کا حصہ بن چکے ہیں۔
اس موقع پر ثنا میر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی سڑکوں پر کرکٹ کھیل کر یہاں تک پہنچنا ایک طویل سفر ہے، ہال آف فیم میں شامل ہونا ان کے لیے ایک جذباتی موقع ہے۔
ثنا میر کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ پاکستان میں ویمن پلیئرز کی تعداد مکمل نہیں تھی، ہمارے پاس ویمن کرکٹرز رول ماڈل ہی نہیں تھیں، آج اتنی بڑی تعداد میں خواتین کرکٹرز ہیں جو سب کے لیے مثال ہیں۔


