عید الالضحیٰ میں جانور کی قربانی کا کوئی نعم البدل نہیں۔ شاہ عبد الحق

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو )جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ عید الالضحیٰ میں رضائے الہٰی کیلئے جانور کی قربانی ہر صاحب حیثیت شخص کیلئے ضروری ہے قربانی کا کوئی نعم البدل نہیں۔ رضائے الٰہی کیلئے جانور کی قر با نی حضر ت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم سنت اور اللہ کی اطاعت اور وفاداری کا اظہار ہے۔ قربانی میں ریاکاری و دکھاوا نیکیوں کو ضائع کر نے کا سبب بن سکتا ہے۔قربانی کے گوشت میں یتامیٰ و مساکین اور غرباء کا حصہ ضروری ہے۔ انہوں نے مدارس کے طلبہ کی نشست میں کہا کہ قربانی صرف اللہ کیلئے ہے عید الالضحیٰ کے دن جانور کا خون بہانا رب کی بارگاہ میں مقبول عمل ہے۔ ا ن کا کہنا تھا کہ عید الالضحیٰ میں قربانی اس عہد کی تجدید و اعتراف ہے کہ ہما را جینا مرنا اللہ کیلئے ہے،زندگی کا مقصد دین اسلام کی سرفرازی ہے اور اس کیلئے کسی قربانی سے گریز نہ کرنا مقصد ِحیا ت ہے۔ شاہ عبد الحق نے مزید کہا کہ سنت ابراہیمی کا تقاضہ ہے کہ ہم بھی دین ِ اسلام،ملک و ملت کی خاطر کسی قسم کی قربانی سے گریز نہ کریں،قربانی ہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر رب کے صالحین بندوں نے انسانیت کی کایا پلٹ کر ظلم و ناانصافی کا خاتمہ کر کے عدل و مساوات کی روشنی پھیلائی۔ انہوں نے کہا کہ سنت ابر اہیمی کی ادائیگی عشق الہی کا مظہر ہے،ر ب العالمین کے احکامات اور انبیاء کرام کی سنت کا بنیادی مقصد معاشر ے میں عدل ومساوات،جذبے خد مت وایثار،ہمدردی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے جانورو ں کی قربانی کی کھا لیں مدارس اہلسنّت کو دے کر دین کی ترویج و اشاعت میں معاون بنیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں