کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کی مقامی عدالت نے جھگڑے کے دوران ایف بی آر انسپکٹر شاہ میر لاشاری کو زخمی کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم آغا شہیر کی درخواستِ ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے ملزم کو ڈیڑھ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ضمانت پر رہا کرنے کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران ملزم کے وکیل وزیر کھوسو نے مؤقف اختیار کیا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق زخمی ایف بی آر انسپکٹر شاہ میر لاشاری کو دو گولیاں لگی تھیں، جبکہ جائے وقوعہ سے صرف ایک گولی کا خول برآمد ہوا۔ وکیل نے مزید بتایا کہ مدعی مقدمہ کی جانب سے بھی ملزم کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں کیا گیا۔
پولیس کے مطابق 22 اپریل کو کلفٹن کے علاقے میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں آغا شہیر کی مبینہ فائرنگ سے ایف بی آر انسپکٹر شاہ میر لاشاری زخمی ہوئے تھے۔ مقدمے کی مزید کارروائی متعلقہ عدالت میں جاری ہے۔


