57

بلدیہ اتحاد ٹاؤن، باپ کے مبینہ تشدد سے 17 سالہ بیٹا جاں بحق، ملزم گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں 17 سالہ نوجوان کے مبینہ قتل کے واقعے میں پولیس نے والد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق مقتول نوجوان گزشتہ 6 سے 7 روز سے گھر سے لاپتا تھا اور اہل خانہ اس کی تلاش کر رہے تھے۔ گزشتہ روز جب وہ گھر واپس آیا تو مبینہ طور پر والد نے اسے چارپائی سے باندھ کر ڈنڈوں اور دیگر اشیاء سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ دم توڑ گیا۔

گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ اس کا بیٹا مبینہ طور پر نشے کی لت میں مبتلا تھا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا، جس پر اس نے غصے میں آ کر تشدد کیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد اہل خانہ خاموشی سے نوجوان کی تدفین کی کوشش کر رہے تھے، تاہم اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول چار بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، جبکہ گرفتار ملزم رکشہ ڈرائیور ہے اور اس کا تعلق صوابی سے بتایا جاتا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں