لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور میں معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کے خلاف دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ تھانہ مزنگ میں دوست محمد کی درخواست پر درج کیا گیا، جو سی ٹی ڈی کراچی سے وابستہ بتائے جاتے ہیں۔
درخواست گزار کے مطابق کاشف ضمیر نے انہیں اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر 19 لاکھ 40 ہزار روپے کا مبینہ فراڈ کیا۔ اس سے قبل اسی معاملے پر دوست محمد تھانہ گلبرگ لاہور میں فراڈ کا مقدمہ درج کرا چکے ہیں، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق جب فراڈ کا مقدمہ درج ہوا تو اس کے بعد کاشف ضمیر نے مبینہ طور پر واٹس ایپ اور دیگر ذرائع سے درخواست گزار کو مسلسل دھمکیاں دینا شروع کر دیں اور مقدمہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا۔ درخواست گزار نے ان دھمکی آمیز پیغامات کے شواہد بھی پولیس کو فراہم کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست اور ابتدائی شواہد کا جائزہ لینے کے بعد تھانہ مزنگ میں ملزم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 506 (مجرمانہ دھمکی) اور ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کی دفعہ 25(ڈی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


