کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ موچکو پولیس نے ضلع کیماڑی میں اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 20 من سے زائد مضرِ صحت چھالیہ اور گٹکا ماوا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران مضرِ صحت گٹکا ماوا اور چھالیہ سے لوڈ ریوو ڈالا پکڑا گیا، جس میں سے 75 بورے چھالیہ اور 5 بورے ماوا برآمد ہوئے۔ یہ مضرِ صحت اشیاء حب سے کچے راستوں کے ذریعے کراچی اسمگل کی جا رہی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کا تعاقب کرنے پر ڈرائیور عبداللہ گوٹھ کے قریب گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ کارروائی ایس ایچ او تھانہ موچکو کی سربراہی میں چوکی انچارج موچکو نے اسٹاف کے ہمراہ عمل میں لائی۔
برآمد شدہ مال اور گاڑی کو قبضۂ پولیس میں لے لیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 445/26 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اسمگلنگ اور مضرِ صحت اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔


