کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ویسٹ ڈسٹرکٹ کے تھانہ سرجانی پولیس کے علاقے حاجی محمود گوٹھ میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت محمد احمد ولد ملک عابد اور آصف ولد اقبال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پسٹلز بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خولز، موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد کی گئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے زیرِ استعمال موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔ زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔


