کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ابراہیم حیدری میں جائیداد کے تنازع پر دوست کو آئی فون اور 15 ہزار روپے کا لالچ دے کر والد کو قتل کروانے کے کیس میں پولیس نے مقتول کے دوسرے بیٹے کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے اپنے بھائی کو والد کے قتل کی اجازت دی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، جن میں مقتول اقبال کا بیٹا اعجاز اور اس کا دوست شیراز شامل تھے۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم اعجاز نے اپنے دوست شیراز کو 15 ہزار روپے اور آئی فون دینے کا وعدہ کر کے والد کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔
پولیس کے مطابق 23 جون کو ملزم شیراز نے مقتول اقبال کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ مقتول اور اس کے بیٹے اعجاز کے درمیان جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔ پولیس نے ملزم اعجاز کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔
مزید تحقیقات کے دوران قتل میں ملوث تیسرے ملزم مقتول کے بیٹے جمشید کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم جمشید نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے بھائی کو والد کے قتل کی اجازت دی تھی اور بتایا کہ والد بڑے بھائی اعجاز کو مارتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔


