کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ضلع کیماڑی کے تھانہ سعید آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی ایک بڑی واردات ناکام بنا دی اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان سیکٹر 9 سی میں واقع ایک کنفیکشنری کی دکان میں لوٹ مار کر رہے تھے کہ اسی دوران علاقہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس اور اہلِ محلہ کی مدد سے تعاقب کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت راحت کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی شناخت ادریس کے نام سے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی ہنڈا 125 موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اس قسم کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


