کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے ملیر میں ایک گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں ملنے کے بعد واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ مقتولہ کے والد نے اپنی بیٹی کی ذہنی حالت خراب قرار دیتے ہوئے داماد کو بے قصور قرار دیا ہے اور اس کی رہائی کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی صبا ذہنی مریضہ تھی اور ماضی میں بھی خود کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر چکی تھی، حتیٰ کہ اس نے پہلے بھی ہاتھ کی رگ کاٹی تھی۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کے مطابق گھر سے ماں کی لاش جبکہ بیٹی کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ممکنہ طور پر مقتولہ نے پہلے اپنی بیٹی کو قتل کیا اور بعد ازاں خودکشی کر لی، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب مقتولہ کے والد نے اپنے داماد پر شک کرنے سے انکار کرتے ہوئے پولیس سے اس کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل حقیقت جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حتمی مؤقف سامنے لایا جائے گا۔


