کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) عزیز آباد بلاک 2 میں غیر قانونی تعمیرات اور پلاٹ کے مبینہ غلط استعمال کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس پر علاقہ مکینوں نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پلاٹ نمبر 390، بلاک 2 عزیز آباد میں ایک رہائشی پلاٹ کو مبینہ طور پر جعلی نقشے کے ذریعے دو کمروں کے متعدد پورشنز اور فلیٹس میں تبدیل کیے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ڈی سی سینٹرل کی جانب سے غیر قانونی پورشنز پر عائد پابندی کے باوجود تعمیرات جاری رہیں، جس پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بلڈرز مافیا سرگرم ہے اور بلاک 2 اور بلاک 8 میں غیر قانونی تعمیرات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
الزامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے بدلے مبینہ طور پر رشوت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ ایس بی سی اے کے بعض اہلکاروں پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے ڈی سی سینٹرل اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔


