کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بلدیہ فیکٹری کیس میں نامزد ملزمان زبیر عرف چریا اور رحمان عرف بھولا کو سینٹرل جیل کراچی سے رہا کر دیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کے مطابق دونوں افراد گزشتہ عرصے سے جیل میں قید تھے اور عدالتی احکامات کے بعد ان کی رہائی عمل میں لائی گئی۔
سینٹرل جیل کے باہر دونوں کی رہائی کے موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما انیس قائم خانی، رکن سندھ اسمبلی فہیم پٹنی، شارق جمال، فرقان اطیب اور عمیر صدیقی سمیت پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے رہائی پانے والے افراد کا استقبال کیا۔ رہائی کے بعد دونوں افراد ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ 10 جون کو Supreme Court of Pakistan میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی، جس میں عدالت عظمیٰ نے ٹرائل کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں ملزمان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد MQM Pakistan کے اسیر کارکنوں کی رہائی پر پارٹی رہنماؤں اور مرکزی کمیٹی کے اراکین نے کارکنان کو مبارکباد دی۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق اسیر ساتھیوں کی رہائی کے بعد ان کے اہلِ خانہ نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
واضح رہے کہ بلدیہ فیکٹری کیس پاکستان کی عدالتی تاریخ کے اہم مقدمات میں شمار ہوتا ہے، جس کے فیصلے کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔


