6

ڈیفنس رنگ روڈ پر گاڑی سے نوجوان کی لاش برآمد، پستول اور پولیس یونیفارم کی موجودگی سے معمہ الجھ گیا

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ڈیفنس سی کے علاقے رنگ روڈ پر ایک نجی گاڑی سے نوجوان کی لاش برآمد ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔

پولیس کے مطابق معمول کی گشت کے دوران رنگ روڈ پر سڑک کنارے کھڑی ایک مشکوک سفید گاڑی کو چیک کیا گیا، جہاں ڈرائیونگ سیٹ پر ایک نوجوان مردہ حالت میں پایا گیا۔ ابتدائی طور پر متوفی کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی ہے، جو دھرم پورہ کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔

ابتدائی شواہد کے مطابق نوجوان کے سر میں گولی لگی ہوئی تھی جبکہ گولی گاڑی کے شیشے کو بھی توڑتی ہوئی باہر نکلی۔ موقع سے ایک پستول بھی برآمد ہوا ہے، جس کے بعد پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے جن میں خودکشی سمیت دیگر امکانات شامل ہیں۔

تحقیقات کے دوران گاڑی سے پولیس کی ایک سرکاری یونیفارم بھی ملی ہے، جس پر “طاہر سب انسپکٹر” کے نام کی نیم پلیٹ موجود تھی۔ اس انکشاف کے بعد واقعہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے اور پولیس اس بات کا تعین کرنے میں مصروف ہے کہ یونیفارم اور پستول کس کے ہیں اور گاڑی میں کیسے پہنچے۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر کے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں