اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)قومی اسمبلی آج مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی منظوری کے لیے اجلاس منعقد کرے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب مالیاتی بل منظوری کے لیے ایوان میں پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی تجاویز کی روشنی میں بجٹ میں بعض ترامیم بھی پیش کی جائیں گی، جن پر ایوان میں غور کیا جائے گا۔ حکومت کی جانب سے ارکان اسمبلی کو ترامیم پر اعتماد میں لینے کے بعد منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کا مجموعی حجم 18 ہزار ارب روپے سے زائد ہے، جس میں ترقیاتی اخراجات، دفاعی بجٹ، سبسڈیز اور عوامی فلاحی منصوبوں کے لیے خطیر رقوم مختص کی گئی ہیں۔ بجٹ منظوری کے بعد مالیاتی بل باضابطہ طور پر نافذ العمل ہو جائے گا۔


