22

پاسپورٹ کے اجراء کو مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاسپورٹ کے نظام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں پاسپورٹ کے اجراء کو مرحلہ وار مکمل طور پر ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ای پاسپورٹ پر مکمل منتقلی سے پاسپورٹ کے ضمن میں فراڈ اور جعلسازی کا مؤثر خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پریمیم سروسز حاصل کرنے والے شہریوں کو پاسپورٹ پر آنے والے اصل اخراجات کے مطابق فیس ادا کرنا ہو گی۔ اس کے علاوہ بیرونِ ملک اور اندرونِ ملک پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے، اور شہریوں کو پاسپورٹ ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔

مزید برآں یکم جولائی سے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کرنے، جبکہ آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی کے پلیٹ فارم پر منتقل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بزنس پاسپورٹ پالیسی کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی دی گئی۔

اجلاس کے دوران ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیرِ داخلہ کو پاسپورٹ نظام میں جاری اصلاحات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں