24

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں فیصلے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کا اظہارِ اطمینان

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں عدالتی فیصلے کے بعد سیاسی و قانونی حلقوں میں ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔اس حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کا ایک وفد، جس میں مرکزی کمیٹی کے اراکین کہف الوری اور رضوان بابر سمیت اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی اور دیگر اراکین اسمبلی شامل تھے، نے سابق وزیر قانون فروغ نسیم سے ملاقات کی۔

وفد نے فروغ نسیم کو عدالتی فیصلے کے بعد مبارکباد پیش کی اور ان کی قانونی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں گلدستہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ کیس میں طویل قانونی جدوجہد کے بعد عدالتی فیصلہ ایم کیو ایم کے مؤقف کی تائید ہے۔ ان کے مطابق ڈیڑھ دہائی بعد حق اور سچ کی فتح ہوئی ہے اور اس فیصلے سے پارٹی کے خلاف لگائے گئے الزامات دم توڑ گئے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے پارٹی کا مؤقف درست ثابت کیا ہے، جبکہ کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

وفد نے فروغ نسیم کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ قانون اور انصاف کی فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں