کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی پولیس آفس (KPO) حملہ کیس میں گرفتار ملزمان عبدالعزیز اور مہران نے ضمانت کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔عدالت نے پراسیکیوشن اور تفتیشی افسر کو 22 جون تک جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک ٹرائل کا ریکارڈ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ملزمان کا کے پی او حملے سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں حملے کے 27 روز بعد گرفتار کیا گیا۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کو مقدمے میں نامزد بھی نہیں کیا گیا تھا۔
وکیل کے مطابق کیس میں اب تک 26 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، تاہم کسی بھی گواہ نے ملزمان کے نام یا کردار سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق اس سے قبل سندھ بلوچستان بارڈر کے قریب کارروائی کے دوران دو مبینہ ماسٹر مائنڈز کو ہلاک جبکہ دو سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت میں کیس کی مزید سماعت 22 جون کو ہوگی۔


