کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں قتل کے ایک مقدمے میں نامزد خاتون ملزمہ امتیاز بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی گئی ہے۔عدالت نے ملزمہ کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیا اور 17 اگست کو جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمہ پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ طور پر شبانہ بی بی کو بوتل میں زہر ملا کر پلایا، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔ یہ مقدمہ تھانہ ڈیفنس میں درج کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ملزمہ کے وکیل لیاقت علی خان گبول ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مقتولہ شبانہ بی بی ملزمہ کی پڑوسی تھیں اور بیماری کے باعث انہیں ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا تھا۔ وکیل کے مطابق مقتولہ نے علاج کے دوران کسی بھی شخص کو زہر دیے جانے کا بیان نہیں دیا۔
وکیل نے مزید کہا کہ مقتولہ کی وفات کے بعد ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزمہ کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں۔


