کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے ضلع کیماڑی میں تھانہ پاک کالونی پولیس نے وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ پرانا گولیمار میں چھاپہ مار کارروائی کی۔کارروائی کے دوران گینگ وار اور منشیات فروش عناصر اور پولیس پارٹی کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کاشف سندھی گروپ کا اہم کمانڈر مدثر عرف ساوا عرف خوف زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی شاہزیب عرف ٹنڈے آلو اور امیر عرف کالیا موقع سے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اور اس کے ساتھی پرانا گولیمار اور ملحقہ علاقوں میں گینگ وار سرگرمیوں، منشیات فروشی، اغوا، قتل، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چھیننے سمیت متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔


