کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (SIU) اور سی آئی اے نے 24 گھنٹوں کے دوران دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنلز اور آن لائن منشیات فروشی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پہلی کارروائی: اسٹریٹ کرمنلز کی گرفتاری، اسلحہ برآمد
پولیس نے تھانہ پریڈی کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے دو عادی اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا، جن کی شناخت امتیاز علی اور حارث کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو 30 بور پستول برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزمان 2020 سے کراچی کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور سینکڑوں شہریوں سے موبائل فونز چھیننے میں بھی شامل رہے ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم امتیاز علی کے خلاف مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات درج ہیں، جبکہ وہ ماضی میں بھی متعدد بار گرفتار ہو چکا ہے۔
دوسری کارروائی: آن لائن منشیات فروش گرفتار، چرس برآمد
ایک اور کارروائی میں ایس آئی یو ٹیم نے تھانہ سعید آباد کی حدود میں آن لائن منشیات کی ترسیل میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا، جس کی شناخت پیر محمد کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 1010 گرام چرس برآمد ہوئی ہے، جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں کارروائیاں جرائم کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہیں، اور نیٹ ورکس کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے جاری ہیں۔


