کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے ضلع کیماڑی میں تھانہ سائیٹ بی پولیس کے ساتھ ہونے والے پولیس مقابلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔پولیس کے مطابق غنی چورنگی کے قریب ہونے والے مقابلے کے دوران زخمی حالت میں فرار ہونے والے ڈکیت ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 1945 بجے کے قریب پولیس پیٹرولنگ پارٹی کا موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا تھا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈکیت ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں موٹرسائیکل سمیت فرار ہوگیا تھا۔
بعد ازاں انٹیلیجنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے زخمی ملزم کو ہارون آباد میں واقع بیچلر کوارٹر سے گرفتار کیا گیا، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت راجہ خاصخیلی ولد جبار خاصخیلی جبکہ زخمی ملزم کی شناخت گل زمان عرف لکھن کے نام سے ہوئی ہے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے پولیس پارٹی پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل ہلاک ملزم کے قبضے سے بھی لوڈ پستول برآمد ہوا تھا۔
پولیس نے مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


