15

لاہور میں پتنگوں کی ترسیل ناکام، پتنگ فروش گرفتار

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)باغبانپورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کے لیے خطرناک قرار دیے جانے والے پتنگ فروش کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دوران چیکنگ پتنگوں اور ڈور کی ڈیلیوری دینے والے ملزم آصف خان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے تقریباً 270 پتنگیں اور 4 چرخیاں کیمیکل ڈور کی برآمد کی گئی ہیں، جو مبینہ طور پر آن لائن لوکیشن کے ذریعے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جا رہی تھیں۔

ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش پتنگوں اور ڈور کی آن لائن ترسیل کا اعتراف بھی کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔

ایس پی کینٹ نے ایس ایچ او باغبانپورہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پتنگ فروشوں، پتنگ سازوں اور پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں