لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)18 سالہ بیٹی کے ساتھ زیادتی کے سنگین واقعے میں ملوث سوتیلے باپ محمد شاکر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ایس پی کینٹ ڈویژن کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ڈیفنس اے پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او محمد افضال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری ریسپانس دیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے متاثرہ بچی کو دم کروانے کے بہانے دی گرینڈ آرچرڈ ون ہوٹل کے کمرے میں لے جا کر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا اور کسی کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
متاثرہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں نامزد ملزم کے خلاف فوری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کے لیے کیس جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی کینٹ اختر نواز نے بروقت اور مؤثر کارروائی پر ایس ایچ او ڈیفنس اے محمد افضال، ایس آئی محمد آصف اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔


