لاڑکانہ(ایچ آراین ڈبلیو)لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے قتل، اغوا اور منشیات فروشی جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب 6 روپوش ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق:
ماھوٹا پولیس نے مظفر کمھبر قتل کیس میں ملوث دو مرکزی ملزمان حبدار شیخ اور مٹھل شیخ کو آلۂ قتل ریپیٹر اور پستول سمیت گرفتار کر لیا۔
رحمت پور پولیس اور ماھوٹا پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران تھانہ ماھوٹا کی حدود میں ذاتی دشمنی کے باعث مغیری کمیونٹی کے چار افراد کے قتل کے کیس میں مطلوب ملزم عنایت مغیری کو گرفتار کیا۔
ھٹڑی غلام شاہ پولیس نے اغوا کیس میں مطلوب ملزم میر محمد چنو کو گرفتار کر کے اغوا شدہ خاتون (س۔ب) کو بازیاب کرا لیا۔
علی گوہر آباد پولیس نے دو مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران روپوش ملزم آصف شیخ اور منشیات فروش زین جتوئی کو 11 ہزار گرام بھنگ سمیت گرفتار کر لیا۔
حیدری پولیس نے چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کر کے ویریفکیشن کے بعد اصل مالک شہری صدام شیخ کے حوالے کر دی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید قانونی و ضابطے کی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔


