لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور ہائیکورٹ نے کمسن بچے سے بدفعلی کے مقدمے میں مجرم کی عمر قید کی سزا برقرار رکھتے ہوئے اپیل خارج کر دی ہے۔یہ فیصلہ ہائیکورٹ کے ملتان بینچ نے سنایا، جس میں جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس امجد رفیق شامل تھے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے مجرم امتیاز کی عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا برقرار رکھی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ میڈیکل اور فرانزک رپورٹس ملزم کے خلاف آئیں، جبکہ شواہد کی بنیاد پر اسے شک کا فائدہ نہیں دیا جا سکتا۔
مقدمہ بہاولپور پولیس نے 2022 میں درج کیا تھا۔ مدعی کے مطابق واقعے کے وقت بچہ گھر پر موجود تھا جب ملزم کو موقع پر پکڑا گیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں بین الاقوامی میڈیکل ریسرچ اور نفسیاتی اثرات سے متعلق مطالعات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ایسے جرائم میں سخت قانونی کارروائی ناگزیر ہے۔


