9

عوامی کالونی پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)عوامی کالونی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم، لوٹ مار، موٹرسائیکل چوری و چھیننے اور منشیات فروشی میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بات فدا حسین جانوری نے بتائی۔

تفصیلات کے مطابق سید عدنان بخاری کی قیادت میں عوامی کالونی پولیس نے رات گئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ گرفتار ملزمان میں احمد، ارشد، عارف مسیح، زبیر عرف عمیر، محمد فیصل اور جاوید عرف مشال شامل ہیں۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزمان لانڈھی، کورنگی اور فیکٹری ایریا سمیت ملحقہ علاقوں میں وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ملزمان بالخصوص مہینے کے آغاز میں فیکٹری ملازمین کو ملنے والی تنخواہیں لوٹ لیا کرتے تھے۔

کارروائی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ملزم جاوید عرف مشال کو بھی گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے آئس اور کرسٹل برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق ملزم رات کے اندھیرے میں نشے کے عادی افراد کو آئس اور کرسٹل فروخت کرتا تھا۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری اور چھینی گئی موٹرسائیکلیں، اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کر لی ہیں۔ عوامی کالونی پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں