13

ایف آئی اے امیگریشن کی بڑی کارروائی،ازبکستان جانے والے دو مسافر آف لوڈ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ازبکستان جانے والے دو مسافروں کو جعلی پروٹیکٹر اسٹیمپس کے باعث آف لوڈ کر دیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی شناخت مہتاب جان (ساکن کیچ) اور محمد حسین علی (ساکن رحیم یار خان) کے نام سے ہوئی ہے، جو ازبکستان کے بزنس/ورک ویزوں پر سفر کر رہے تھے۔

امیگریشن جانچ کے دوران انکشاف ہوا کہ دونوں مسافروں کو 13 اپریل 2026 کو بھی پروٹیکٹر نہ ہونے کی بنیاد پر آف لوڈ کیا جا چکا تھا۔ مزید تفتیش میں دونوں پاسپورٹس کے صفحہ نمبر 35 پر موجود پروٹیکٹر اسٹیمپس مشکوک پائے گئے، جو سرکاری ریکارڈ سے تصدیق کے دوران جعلی ثابت ہوئے۔

ابتدائی پوچھ گچھ میں دونوں مسافروں نے بتایا کہ لاہور کے رہائشی ایک ایجنٹ امیر نے غیر قانونی ذرائع سے ویزے اور پروٹیکٹر انڈورسمنٹ کا انتظام کیا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق دونوں مسافروں کو آف لوڈ کرکے مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ ملوث ایجنٹ کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں