لاڑکانہ(ایچ آراین ڈبلیو) لاڑکانہ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 کامیاب آپریشنز کے دوران روپوش و مطلوب سمیت 12 جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران چرس، گٹکا، شراب، چھینا گیا لوڈر رکشہ، موٹر سائیکل اور قیمتی موبائل فون برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پہلی کارروائی میں تھانہ ایئرپورٹ کی حدود سے منشیات فروش اعجاز گاڈھی کو ایک کلو سے زائد (1020 گرام) چرس سمیت گرفتار کیا گیا۔ دوسری کارروائی میں تھانہ یونیورسٹی کی حدود سے ڈرگ ڈیلر صدام حسین گاڈھی کو بھی ایک کلو سے زائد (1020 گرام) چرس کے ساتھ حراست میں لیا گیا۔
تیسری کارروائی میں تھانہ مارکیٹ پولیس نے ساجد کلہوڑو نامی گٹکا سیلر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا، جبکہ چوتھی کارروائی میں تھانہ ولید کی حدود سے یاسر اوڈھانو نامی گٹکا فروش کو گرفتار کیا گیا۔
پانچویں کارروائی میں تھانہ تعلقہ پولیس نے روپوش ملزم نصیر چانڈیو کو گرفتار کر لیا۔ چھٹی کارروائی کے دوران تھانہ سول لائنز پولیس نے وحید، ہاشم، عمران، عزیر اور عبدالجبار سمیت پانچ ملزمان کو شراب کے ساتھ گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا۔ ساتویں کارروائی میں تھانہ مارکیٹ پولیس نے میر نجف جتوئی کو شراب سمیت گرفتار کیا، جبکہ آٹھویں کارروائی میں تھانہ اللہ آباد پولیس نے رحمت میمن کو شراب کے ساتھ حراست میں لے لیا۔
نویں کارروائی میں سیہڑ پولیس نے چھینا گیا لوڈر رکشہ برآمد کر کے اصل مالک فہد حسین کے حوالے کر دیا۔ دسویں کارروائی میں ویہڑ پولیس نے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر کے شہری محمد مٹھل جونیجو کے حوالے کی۔ گیارہویں کارروائی میں باقرانی پولیس نے چھینا گیا قیمتی موبائل فون برآمد کر کے اصل مالک صدام حسین شاہ کے حوالے کر دیا۔
پولیس حکام کے مطابق جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔


