کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ریلوے حکام کی جانب سے دیہہ دوزان میں اراضی واگزار کروانے کے معاملے میں گرفتار ملزمان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کے بعد عدالت نے 12 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔
عدالت نے حکم دیا کہ تمام ملزمان فی کس 25 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروائیں، جس کے بعد انہیں رہا کیا جائے گا۔
سماعت کے دوران وکیلِ صفائی اشفاق تولہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ریلوے حکام اور بلڈر کے درمیان اراضی کی ملکیت کا تنازع سول نوعیت کا ہے، جسے غلط طور پر فوجداری معاملہ بنا دیا گیا ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار ملزم زیشان شیخانی کی جانب سے پاکستان ریلوے کے خلاف سول سوٹ پہلے ہی دائر کیا جا چکا ہے۔
وکیلِ صفائی کے مطابق اراضی کی ملکیت سے متعلق مکمل قانونی ریکارڈ موجود ہے، اس کے باوجود ریلوے حکام اور پولیس نے بلڈر کے بکنگ آفس پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد ملازمین کو گرفتار کیا، جو قانونی طور پر درست اقدام نہیں۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ضمانت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ملزمان کی رہائی کا حکم دے دیا۔


