18

سندھ میں قومی شاہراہوں کی خستہ حالت کے خلاف آئینی درخواست پر سماعت، این ایچ اے پر عدالت برہم

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ میں قومی شاہراہوں کی خستہ حالی کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے کوٹری کبیر میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے، جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوئے، پر موٹر وے حکام کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

عدالت نے موٹر وے اور این ایچ اے حکام کو ہدایت کی کہ حادثے کے ذمہ داران کا تعین کرکے مقدمہ درج کیا جائے، جبکہ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر معاوضہ بھی ادا کیا جائے۔

سماعت کے دوران این ایچ اے حکام نے عدالت کو آگاہ کیا کہ این فائیو شاہراہ کے 72 کلومیٹر طویل حصے کی مرمت و تعمیر کا کام 15 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ تاہم عدالت نے شاہراہوں کی تعمیر میں تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت میں ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس سلیم جیسر نے کہا کہ ہم نے یہ بھی دیکھا ہے کہ بعض سڑکیں راتوں رات بن جاتی ہیں، جبکہ ایسے منصوبوں میں تاخیر جان بوجھ کر کی جاتی ہے تاکہ بجٹ میں اضافہ ہوتا رہے۔

جسٹس سلیم جیسر نے مزید کہا کہ یہ سڑکیں غریب عوام کے لیے ہوتی ہیں، اسی لیے ان کے منصوبے برسوں تک لٹکے رہتے ہیں۔ این ایچ اے کی منصوبہ بندی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے ایک حصہ توڑ دیا جاتا ہے، پھر دوسرا، اور کسی حصے کا متبادل راستہ بھی فراہم نہیں کیا جاتا۔

عدالت نے این ایچ اے کی ناقص منصوبہ بندی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 اگست تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں