لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور ہائیکورٹ نے موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں مجرموں کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے اپیلیں خارج کر دی ہیں۔عدالت نے مجرم عابد ملہی اور شفقت بگا کی سزائے موت برقرار رکھتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قائم رکھا۔
کیس کی سماعت جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔ مجرموں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور ان کا موقف مکمل طور پر نہیں سنا گیا، لہٰذا سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
دوسری جانب پراسیکیوشن نے اپیلوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اے ٹی سی کا فیصلہ ٹھوس شواہد اور میرٹ پر مبنی ہے، اور مجرموں کے خلاف واضح ثبوت موجود ہیں۔
دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں مجرموں کی اپیلیں خارج کر دیں، جس کے بعد سزائے موت کا فیصلہ برقرار رہے گا۔


