کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں کلفٹن کے بیچ ویو پارک کو نجی ادارے کے حوالے کرنے کے خلاف جماعت اسلامی کے اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل اور دیگر کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق کے مطابق کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی سٹی کونسل نے مارچ میں بیچ ویو پارک کی اراضی پر میوزیم کے قیام کی منظوری دی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ میوزیم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا جانا ہے، جو عوامی پارک کی زمین کو نجی استعمال کے لیے مختص کرنے کے مترادف ہے۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ عوامی پارک کی زمین کو نجی یا تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کے منافی ہے۔ مزید یہ کہ سٹی کونسل میں مذکورہ درخواست غیر قانونی طریقے سے منظور کی گئی کیونکہ اجلاس سے قبل ایجنڈا اراکین کو فراہم ہی نہیں کیا گیا۔
درخواست میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ بیچ ویو پارک کو ماسٹر پلان کے تحت تحفظ حاصل ہے اور پارک کی زمین پر میوزیم یا کسی بھی قسم کی تعمیرات عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ درخواست گزاروں کے مطابق سٹی کونسل کی قرارداد قانونی اختیار سے تجاوز ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بیچ ویو پارک کی زمین کسی بھی نجی ادارے کو دینے یا اس پر کسی بھی قسم کی تعمیرات کرنے سے متعلقہ حکام کو روکا جائے۔


