کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)عدالت نے منشیات کے مقدمے میں سزا یافتہ قیدی سید طارق حسین کی طبی بنیادوں پر رہائی کی درخواست مسترد کر دی۔ سماعت کے دوران اسپیشل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے مطابق ملزم موٹر نیورون ڈیزیز (ایم این ڈی) میں مبتلا ہے، جو بتدریج بڑھنے والا اعصابی مرض ہے اور جسمانی معذوری کا سبب بنتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ قیدی کو ادویات اور فزیوتھراپی کی ضرورت ہے، جو جیل میں فراہم کی جا سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قیدی وہیل چیئر پر ہے اور روزمرہ امور کے لیے مدد کا محتاج ہے، تاہم اس کی موجودہ حالت جیل وارڈ میں سنبھالی جا سکتی ہے۔ میڈیکل بورڈ نے رائے دی کہ مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کی صورت میں قیدی کی زندگی کو فوری طور پر کوئی خطرہ لاحق نہیں۔
عدالت نے میڈیکل بورڈ کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے قرار دیا کہ طبی بنیادوں پر سزا یافتہ قیدی کو ضمانت یا رہائی نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور قیدی کو تجویز کردہ ادویات اور فزیوتھراپی کی سہولیات فراہم کی جائیں۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ مستقبل میں اگر کوئی نئی طبی یا غیر معمولی صورتحال سامنے آتی ہے تو معاملہ دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جا سکتا ہے۔


