کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایف آئی اے امیگریشن نے دبئی جانے والے ایک مسافر کو جعلی یو اے ای ریزیڈنس اور ورک ویزا پر سفر کی کوشش کے دوران آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر سید ظل اللہ احسان الزمان کو بورڈنگ کے دوران روکا گیا جب ایئرلائن سسٹم میں اس کے ٹکٹ کی تفصیلات موجود نہیں تھیں۔ مزید جانچ پڑتال کے دوران پیش کیا گیا یو اے ای ورک ویزا جعلی اور بوگس پایا گیا۔
ابتدائی تفتیش میں مسافر نے بتایا کہ اس نے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کرنے والے ایجنٹ ملک شہباز اعوان سے بیرون ملک ملازمت کے انتظامات کروائے تھے، جو مبینہ طور پر “Malik Overseas” کے نام سے جوہرآباد، خوشاب میں کام کر رہا ہے۔
مسافر کے مطابق اس نے ویزا اور سفری دستاویزات کے حصول کے لیے ایجنٹ کو 3 لاکھ 80 ہزار روپے ادا کیے، جو مختلف جاز کیش اور بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔
مزید انکشاف میں مسافر نے کہا کہ اسے ویزا کے جعلی ہونے کا علم نہیں تھا اور وہ خود بھی اس فراڈ کا شکار ہوا ہے۔
ایف آئی اے نے مسافر کو تمام دستاویزات سمیت مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق جعلی ویزا، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی اوورسیز ایمپلائمنٹ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔


